(اِکمالُ الافضال فی الاورادوالاَشغال)

ذکر اوّل
اوّل ذکر۔۔۔تحمید ، تمجید ، تقدیس، ثنا،تحیات اور طیبات ۔۔۔ سب اللہ کریم کی ذات والا صفات کیلئے ہے کہ صرف اسی کی ذات حقیقی سزاوار ہے۔ دوم ۔۔۔ نعت ،حمد ،صفت ، صلوات۔۔۔ نبی اُمِّیّٖ (صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم) کے لیے جن کے وجود مطہر کو اللہ نے ،نزول رحمت قرار دیا ۔ سوم۔۔۔تمام تزکیات ،تعظیمات اس نبی کی آل کیلئے جن کو اس نے تمام قسم کی تطہیرات سے نوازا ۔ چہارم ۔۔۔ تکریمات و مرضات اللہ نبی کریم کے صحابہ کیلئے جن کو اللہ کی بارگاہ میں درجہ رضوان حاصل ہے۔پنجم۔۔۔ تمام توقیرات ، نبی رؤف رحیم کی امت کے ائمہ ، صلحاء ، اتقیا، اور شہداء کیلئے جن کا وجود مسعود اس امت کیلئے ہدایت کا باعث ہے۔
اس کتاب میں ذکر اذکار ہیں اور یہ کتاب ان سے بھری ہوئی ہے۔ بڑے لمبے لمبے ذکر اور بہت ہی چھوٹے ذکر ۔۔۔ ہر قسم کے اَوراد و وَظائف ۔۔۔ اورہر وقت کیلئے ۔۔۔ ۔
ان کا مقصد کسی پر جبراً لا گو کرنا نہیں اورنہ ہی دنیا سے لا تعلق کر کے ، رہبانیت (Monkery)پر مائل کرنا ہے۔ بلکہ انکا مقصد فقط ،محض اور صرف بندے کی توجہ کو اسکے رب کی طرف پھیرنا ہے۔ ہر وقت ہر جگہ اور ہر حال میں۔۔۔ فراغت کی نعمت رکھنے والا اسکا ہر وقت ذکر کرے ، مصروف مصروفیات سے فارغ ہو کر اسکا ذکر کر لے۔ جو بالکل دنیا میں کھو گیا ہے ، وقت نہیں رکھتا وہ چلتا پھرتا اسکا ذکر کر لے۔ 
ان میں سے بیشتر اذکارو اَوراد پیران سلسلہ قادریہ شیخو شریف کے ہیں جو میں نے اپنے والد ماجد کی صحبت سے سیکھے ، بعض اپنے پیرو مرشد سے حاصل ہوئے اور کئی ایک مختلف مشائخ سے بالواسطہ یا بلا واسطہ حاصل ہوئے ۔۔۔ اور یہ تمام تر اذکار طریقہ قادریہ کے ہیں جو کسی بھی کڑی سے ہوتے ہوئے بارگاہ غوثیت مآب تک پہنچتے ہیں۔ ایسی چیزیں بالکل کتابوں میں ذکر کرنے کی نہیں ہوتیں (بالمشافہ سیکھنے کی ہوتی ہیں)نہ عوام کو اس سے سروکار ہوتا ہے بلکہ بعض اوقات الٹے بحث و تنقید کا نشانہ بنتی ہیں ۔۔۔ مگر اس نیت سے درج کر رہا ہوں جیسا کہ حضور غوث پاک کے کئی اَوراد، کتب میں ملے اور مجھ جیسے کئی ناقص اس سے فیض یاب ہوئے ممکن ہے کہ یہ سلسلہ آئیندہ بھی جاری رہے اور اگر خدا نخواستہ کوئی سیکھنے یا پوچھنے والا نہ ملا تو پھر آدمی کے دفن کے ساتھ یہ بھی دفن ہوئے ۔۔۔ میں نے انکو نقل کردیا نصیبوں والے اس سے فیض پائیں گے اور میرے لیے دعا خیر کریں گے۔۔۔ جو توشہ آخر ہوگی۔
۔۔۔ انشاء اللہ ۔۔۔۔۔۔!!
سیّد سید علی ثانی گیلانی  
خاک نشین
آستانہ عالیہ غوثیہ قادریہ شیخو شریف 

ُ ؑ ُ ؑ ُ

Comments

Popular posts from this blog

سیرت سوانح سید عبدالرزاق المعروف داتا شاہ چراغ لاہوریؒ

رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) پر درود پاک پڑھنا چاہیے یا نہیں؟ بہت خوب صورت تحریر ضرور پڑھیں

عرس پاک سید سید محمد سائیں گیلانی القادری الشیخوی